:سوال نمبر174
۔مقدس متی کی انجیلِ پاک باب5آیت8کے حوالے سے سوال ہے کہ حضرت یسوع مسیح کے اس فرمان سے کیا مراد ہے…’’مبارک ہیں وہ جو پاک دِل ہیں، کیوں کہ وہ خدا کو دیکھیں گے‘‘۔
جواب:
۔پاک دِلی، خلوصِ نیّت، پاکیزگیِ کردار اور شریعت کے قوانین کے مطابق پاکیزگی، پرہیز گاری، عفت، پاک دامنی، آلایشوں سے پاک چال چلن کے درمیان تضاد تو نہیں مگر ان کے درمیان بڑا نازک سا فرق ضرور ہے کیوں کہ یہ دوسری نوع الٰہی پرستش کی تمام شرعی رسومات پر مبنی مقدس کتاب ’’احبار‘‘ کی ہدایات کی رُو سے اس پر عمل مذہبی آدابِ رسوم کے تحت طہارت و پاکیزگی اختیار کرنے پر منحصر ہے۔ اور یہ بار بار سر اُٹھانے والا ایسا متنازع فیہ مسئلہ ہے جو خداوند یسوع پاک اور فریسیوں کے درمیان بحث طلب رہا ہے۔ مقدس یسوع مسیح نے اپنا مافی ضمیر یوں واضح کر دیا ہے:
…تب اُس نے ہُجُوم کو اپنے پاس بُلا کر اُن سے کہا کہ سُنو اور سمجھو۔ جو چیز مُنہ میں جاتی ہے وُہ انسان کو ناپاک نہیں کرتی بل کہ جو مُنہ سے نِکلتی ہے، وُہی انسان کو ناپاک کرتی ہے۔
تب شاگردوں نے پاس آ کر اُس سے کہا، کیا تُو جانتا ہے کہ فریسیوں نے یہ بات سُن کر ٹھوکر کھائی؟
پر اُس نے جواب میں کہا، جو پودا میرے آسمانی باپ نے نہیں لگایا وہ جڑ سے اُکھاڑا جائے گا۔ اُنھیں جانے دو۔ وُہ اندھے اندھوں کے رہنما ہیں، اور اگر اندھا اندھے کی رہنمائی کرے تو دونوں گڑھے میں گریں گے۔
پِھر پطرس نے مخاطب ہو کر کہا، کہ یہ تمثیل ہمیں سمجھا دے۔ تو اُس نے کہا کہ کیا تم بھی اب تک بے سمجھ ہو؟ کیا تم نہیں سمجھتے؟ کہ جو کُچھ مُنہ میں جاتا ہے وُہ پیٹ میں پڑتا اور جاے ضرُور میں پھینکا جاتا ہے لیکن جو باتیں مُنہ سے نِکلتی ہیں وُہ دِل سے نِکلتی ہیں اور وُہی انسان کو ناپاک کرتی ہیں۔ کیوں کہ بُرے ارادے مُنہ سے نِکلتے ہیں یعنی خُون ریزیاں، زنا کاریاں، حرام کاریاں، چوریاں، جھُوٹی گواہیاں، کُفر گوئیاں۔ یہی باتیں ہیں جو انسان کو ناپاک کرتی ہیں مگر بغیر ہاتھ دھوئے کھانا انسان کوناپاک نہیں کرتا۔
مُقدّس متی…15:10تا20
پاک دلی اپنے اپ کو اس وقت آشکار کرتی ہے جب بندہ بولتا ہے، پاک دل نہ ہو تو پکڑا جاتا ہے۔
تا کس ہیچ نہ گُفتہ باشد
عیب و ہُنرش نہفتہ باشد
بندہ جب گفتگو کرتا ہے تو اُس کے خیالات، اس کی خواہشیں اور ارادے، دِل میں چھپی تمنائیںاور نیتیں اس کے الفاظ سے نمایاں ہو کر باہر آجاتی ہیں۔ دِلوں کی پاکیزگی کا انعام ذاتِ باری تعالیٰ کا دیدار ہے۔ ایسے بندے کو خداے لم یزال کی بارگاہ میں حضوری کی سعادت ملتی ہے جو پاک دِل ہو۔
خبردار! ان چھوٹوں میں سے کِسی کو ناچیز نہ جانو۔ کیوں کہ مَیں تم سے کہتا ہوں کہ آسمان پر اُن کے فرشتے میرے باپ کا جو آسمان پر ہے منہ ہمیشہ دیکھتے ہیں۔
مقدس متی…10:18
کلامِ مقدس کے عہدِ عتیق، توریت پاک اپنے اسلوبِ بیاں کے مطابق یہ ہے کہ شاہی دربار کے درباری ہی وہ لوگ ہوتے ہیں جو نت اپنے بادشاہ کے چہرے کا دیدار کرتے ہیں۔